جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی موجودہ سیاسی حکمتِ عملی، مختلف جماعتوں اور وکلاء برادری سے روابط کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے شہریوں کی جانب سے ملی جلی اور تنقیدی آراء سامنے آئی ہیں جہاں شہریوں نے انہیں مفادات کے بجائے آئین اور پارلیمنٹ کے دائرے میں رہ کر سیاست کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پی ڈی ایم سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد اور بعد ازاں تحفظات کی بنیاد پر علیحدگی کے بعد اب وکلاء کی جانب رجوع کرنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ سیاست میں انتہاپسندانہ مؤقف اپنانے کے بجائے درمیانی راستہ اختیار کرنا بہتر ہوتا ہے۔
پشاور کے ایک شہری نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں، وزارتیں یا گورنرشپ مل جائے تو سب کچھ ٹھیک قرار دیا جاتا ہے لیکن عہدے نہ ملنے کی صورت میں پورے نظام کو ہدفِ تنقید بنانا مناسب نہیں۔
شہریوں نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ ذاتی یا جماعتی مفادات کی سیاست ترک کر کے آئین، قانون اور پارلیمنٹ کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا سیاسی کردار ادا کریں۔
دوسری جانب چارسدہ کے شہریوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی حالیہ سرگرمیاں اصولی سیاست کے بجائے اقتدار کے حصول کی کوشش دکھائی دیتی ہیں۔
شہریوں کے مطابق پہلے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو ساتھ ملانے کی کوشش کی گئی تاہم وہاں سے مطلوبہ اعتماد نہ ملنے کے بعد اب وکلاء برادری کو سیاسی جدوجہد میں شریک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
چارسدہ کے شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ اگر وکلاء کے ساتھ بھی بات آگے نہ بڑھ سکی تو ممکن ہے کہ آئندہ اساتذہ یا طلبہ کی طرف رخ کیا جائے تاہم عوامی سطح پر اب یہ تاثر عام ہو چکا ہے کہ اس ساری تگ و دو کا اصل مقصد اقتدار تک رسائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ : تبلیغی مرکز کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی
شہریوں کے مطابق وکلاء برادری بھی کسی کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہوگی کیونکہ عوام اب اصولی اور ذاتی مفاد کی سیاست میں فرق کو بخوبی سمجھتے ہیں۔





