معروف صحافی اور تجزیہ کار غریدہ فاروقی نے ملکی سیاسی منظرنامے کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی کے اندر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان سیاسی حکمت عملی پر واضح اختلافِ رائے پایا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اپنی سیاسی غلطیوں کے باعث حالات بہتر بنانے کے لیے ملنے والے مواقع مسلسل ضائع کر رہی ہے۔
آزاد ڈیجیٹل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر تجزیہ کار غریدہ فاروقی نے ملک کی دو اہم سیاسی جماعتوں کی اندرونی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی صفوں میں اس وقت صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ایک طرح کی سیاسی کھینچا تانی موجود ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ پارٹی کی نصف سے زائد قیادت صدر آصف زرداری کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ حلقہ کسی بھی صورت ریاست کے ساتھ محاذ آرائی کی سیاست نہیں چاہتا۔
غریدہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ابھی نوجوان سیاست دان ہیں، اسی لیے ان کا سیاسی نقطہ نظر اور سوچ صدر آصف زرداری سے مختلف دکھائی دیتی ہے اور دونوں رہنماؤں کے طرزِ سیاست میں یہ فرق جماعت کے اندر نمایاں طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔
تاہم انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اندرونی اختلافات اور بحث و مباحثے کے باوجود پیپلز پارٹی کا حتمی فیصلہ نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہی سامنے آئے گا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاملہ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے غریدہ فاروقی نے کہا کہ سیاسی کشیدگی کم کرنے اور معاملات کو سنبھالنے کے لیے جتنے مواقع پی ٹی آئی کو میسر آئے شاید ہی کسی دوسری جماعت کو نصیب ہوئے ہوں مگر جماعت اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے تبصرہ کیا کہ پی ٹی آئی کی جھولی میں اتنے چھید ہیں کہ ہاتھ میں آنے والے سیاسی مواقع ایک ایک کر کے پھسلتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کو بھی اسی غیر مؤثر طرزِ عمل کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بائیکاٹ سے سیاسی ماحول میں بہتری اور پیش رفت کے امکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے صنعتی امور میں سفارش کرپشن اور اقرباء پروری ہرگز قابل قبول نہیں، ڈاکٹر محمد ارشادکا دو ٹوک مؤقف!
غریدہ فاروقی نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کا مقدمہ انتہائی شدت کے ساتھ لڑا لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔
ان کے تجزیے کے مطابق ایک طرف تحریک انصاف کے لیے سیاسی گنجائش پیدا کرنے کی کوششیں جاری رہیں تو دوسری طرف خود جماعت کے اپنے اقدامات نے ان کوششوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔





