پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر وکیل فیصل چوہدری کو پارٹی کی لیگل ٹیم سے نکال دیا گیا۔ یہ فیصلہ اڈیالہ جیل میں عمران خان اور وکلا کی ملاقات کے دوران کیا گیا
جس میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے فیصل چوہدری کے حالیہ بیانات کے بارے میں بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے فیصل چوہدری کو لیگل ٹیم سے نکالنے کی منظوری دی، اور اس کے ساتھ ہی فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی وکلا کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا۔
مزید برآں، فیصل چوہدری سے پی ٹی آئی کے مختلف کیسز اور دیگر قانونی ذمہ داریاں واپس لے لی گئی ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وکلا کی ملاقات کے دوران مشعال یوسفزئی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ بشریٰ بی بی نے مشعال یوسفزئی کو اگلی ملاقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی، جس سے پارٹی کی قانونی حکمت عملی میں نئی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کی آج بشریٰ بی بی سے ملاقات متوقع
یہ فیصلہ پارٹی کے اندرونی معاملات اور قانونی حکمت عملی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے لیا گیا، تاہم فیصل چوہدری کے نکالے جانے کے بعد پارٹی میں یہ معاملہ زیر بحث ہے۔





