ملک بھر میں بہتر گورننس، امن و امان اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کے قیام کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے اور تمام طبقات کی جانب سے اس حق میں مضبوط آواز اٹھنا شروع ہو گئی ہے۔
لیہ، بہاولنگر، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور بنوں سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں نے دوٹوک رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے انتظامی ڈھانچوں نے عوامی مسائل میں اضافہ کیا ہے جبکہ چھوٹے انتظامی یونٹس اب ناگزیر ہو چکے ہیں۔
مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام سے انتظامیہ کے لیے امن و امان برقرار رکھنا کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
شہریوں کے مطابق وسیع اور بوجھل انتظامی ڈھانچوں کے باعث قانون نافذ کرنے اور صورتحال کو سنبھالنے میں دشواری پیش آتی ہے، جبکہ محدود اور مؤثر انتظامی یونٹس امن و امان کے قیام کو تیز اور بااثر بنا سکتے ہیں۔
شہریوں نے زور دیا کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل سے عام آدمی کی سرکاری اداروں تک رسائی براہِ راست اور آسان ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دور دراز کے علاقوں کے مکینوں کو بنیادی دفتری اور انتظامی کاموں کے لیے طویل سفر اور خواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن نئے یونٹس بننے سے عوام اور اداروں کے درمیان حائل فاصلے ختم ہوں گے اور مسائل فوری حل ہو سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : معدنی وسائل کی ترقی سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب، دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا
گفتگو کے دوران شہریوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بہت پہلے ہی نئے انتظامی یونٹس بن جانے چاہئیں تھے۔
ان کے مطابق پرانے اور فرسودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھنے سے گورننس متاثر ہوئی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم و مؤثر نگرانی میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔
شہریوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر نئے صوبوں کا قیام اب انتہائی ضروری ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے کے باوجود انتظامی تقسیم نہ ہونا نظام پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے، جس کا واحد مؤثر حل نئے صوبوں اور چھوٹے انتظامی یونٹس کی تشکیل ہے۔
کوئٹہ اور دیگر علاقوں کے شہریوں نے نشاندہی کی کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے بہت بڑا صوبہ ہے، اس لیے عوامی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے لیے چھوٹے یونٹس بنانا ناگزیر ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ وسیع رقبے پر پھیلے علاقوں تک سہولیات اور انتظامی گرفت پہنچانے کے لیے چھوٹے یونٹس گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں، جس سے عوامی محرومیوں کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔





