فضل الرحمان کی سربراہی میں 10 سال کے دوران کشمیر کمیٹی پر 48 کروڑ روپے خرچ، اجلاس صرف 28 ہوئے، ریکارڈ پی اے سی کو ارسال

اسلام آباد: پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے دس سالہ اخراجات اور کارکردگی سے متعلق تہلکہ خیز آڈٹ دستاویزات منظر عام پر آ گئی ہیں، جن کے مطابق 2008ء سے 2018ء تک فضل الرحمان کی سربراہی میں کمیٹی پر قومی خزانے سے مجموعی طور پر 48 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ اس پورے عشرے کے دوران کمیٹی کے محض 28 اجلاس منعقد ہوئے۔ 

ڈائریکٹر جنرل آڈٹ (وفاقی حکومت) نے مالی بے ضابطگیوں اور مراعات کے استعمال سے متعلق تفصیلی ڈوزیئر مزید کارروائی کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو ارسال کر دیا ہے۔

فراہم کردہ آڈٹ دستاویزات کے مطابق دس سال کے عرصے میں کمیٹی کے سالانہ اخراجات کی اوسط 4 کروڑ 80 لاکھ روپے رہی۔ دستاویز میں اگرچہ یہ نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ یہ رقم اسی نوعیت کی دیگر پارلیمانی کمیٹیوں کے دس سالہ 25 سے 50 کروڑ روپے کے مقررہ معیار کے اندر ہے، تاہم اس خطیر رقم کے مصرف اور کمیٹی کی مجموعی کارکردگی پر سنگین نوعیت کے آڈٹ اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

 ریکارڈ کے مطابق 48 کروڑ روپے کے ان اخراجات میں سیکرٹریٹ عملے کی تنخواہیں، دفتری اخراجات، محدود سفارتی دورے، اجلاسوں اور مقامی سفر کے اخراجات سمیت سرکاری گاڑیاں، سیکیورٹی اور سرکاری رہائش کی دیکھ بھال کی مد میں ہونے والے اخراجات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور کے نوجوان نے انسانیت کی نئی مثال قائم کر دی، اپنے ولیمے میں رشتہ داروں کے بجائے یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کر لیا

آڈٹ حکام کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ میں مالی نظم و ضبط پر کڑی تنقید کرتے ہوئے 3 کروڑ 85 لاکھ روپے کے غیر تصدیق شدہ سفری اور ٹی اے ڈی اے بلوں پر باضابطہ اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔

مزید برآں آڈٹ مشاہدات میں اس نکتے کو بھی خاص طور پر اجاگر کیا گیا ہے کہ کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ ایک غیر انتظامی عہدہ ہونے کے باوجود اس منصب پر وفاقی وزیر کے مساوی مراعات حاصل کی گئیں۔

 دستاویز میں سرکاری گاڑیوں کے بے دریغ استعمال، گاڑیوں کے غیر تصدیق شدہ مائلیج اور دس سال میں محض 28 اجلاس ہونے یعنی اجلاسوں کے درمیان طویل وقفوں پر بھی سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

دوسری جانب عوام کی جانب سے ان انکشافات پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب کشمیر کاز کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت تھی، دس برسوں میں محض 28 اجلاس منعقد کرنا اور قومی خزانے سے کروڑوں روپے مراعات و سفری اخراجات کی نذر کر دینا کارکردگی اور ترجیحات پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

کشمیری عوام کے مطابق عوامی ٹیکسوں کے پیسے کا اس طرح استعمال سیاسی رہنماؤں کے قول و فعل کے تضاد اور سرکاری وسائل سے لطف اندوز ہونے کے رجحان کو بے نقاب کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے دور میں بھرتیوں اور نگرانی کے فقدان کا نتیجہ سامنے آ گیا، محکمہ صحت کے 1623 اہلکار ڈیوٹی سے غائب نکلے

اس معاملے پر سابق چیئرمین کے سیکرٹریٹ اور جے یو آئی (ف) کے ترجمانوں نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ترجمانوں کا کہنا ہے کہ تمام تر الاؤنسز، سرکاری رہائش، سیکیورٹی اور سفارتی فنڈز باقاعدہ قانونی طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی اور وزارتِ خزانہ کی باضابطہ منظوری سے حاصل کیے گئے تھے۔

 ان کے مطابق یہ تمام اخراجات قانونی پارلیمانی استحقاق کے دائرے میں رہتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف سفارتی اور عوامی فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ہی استعمال کیے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل آڈٹ (وفاقی حکومت) نے جنرل فنانشل رولز کی تعمیل یقینی بنانے، 3 کروڑ 85 لاکھ روپے کے غیر تصدیق شدہ سفری اخراجات کی شفاف جانچ پڑتال کرنے اور 2008ء سے 2018ء کے دوران جاری کی گئی سرکاری گاڑیوں اور دیگر سرکاری اثاثوں کی واپسی کی باقاعدہ تصدیق کے لیے تمام ریکارڈ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے، جہاں اب ان اخراجات، آڈٹ اعتراضات اور سابق چیئرمین کے مؤقف کا تفصیلی جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top