مذہبی سیاست کی آڑ میں بنگلے، شوگر ملیں اور بیرونِ ملک کاروبار، خیبر پختونخوا کے عوام کا فضل الرحمان سے اثاثوں کا حساب مانگنے کا مطالبہ

پشاور: خیبر پختونخوا کے عوام کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی سیاست، ان کے اثاثوں اور بدلتے ہوئے سیاسی مؤقف پر شدید تنقید سامنے آئی ہے، جس میں ان سے مبینہ اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کا حساب مانگا گیا ہے۔

 خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام اب مذہب کے نام پر کی جانے والی مبینہ سیاست کو مسترد کر رہے ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ فضل الرحمان اور ان کے خاندان نے مذہبی سیاست کی آڑ میں مبینہ طور پر اسلام آباد میں بنگلے، مختلف علاقوں میں شوگر ملیں اور بیرونِ ملک ہوٹل و دیگر کاروبار قائم کیے ہیں۔

 عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مفتی محمود کی وفات کے وقت ان کے خاندان کی مالی حیثیت اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں میں موجودہ جائیدادوں اور کاروباری لین دین کا موازنہ کر کے عوام کو حساب دیا جائے۔

پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ غلام علی کے بیٹے سے بیٹی کی شادی کے بعد مبینہ طور پر شوگر مل کی خریداری اور دیگر اثاثوں کی منتقلی میں اثر و رسوخ استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کی سربراہی میں 10 سال کے دوران کشمیر کمیٹی پر 48 کروڑ روپے خرچ، اجلاس صرف 28 ہوئے، ریکارڈ پی اے سی کو ارسال

عوام کا کہنا ہے کہ ماضی میں مختلف حکومتوں کا حصہ رہنے والے رہنما اب ذاتی اور خاندانی مفادات کے تحفظ کے لیے اداروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ شہریوں نے سرحدوں پر تعینات مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے اداروں پر کی جانے والی تنقید کو بلاجواز قرار دیا ہے۔

مزید برآں پختوننخوا کے غیور عوام نے فضل الرحمان کے سیاسی مؤقف میں تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ماضی میں جن سیاسی مخالفین اور عمران خان کے خلاف سخت ترین مذہبی فتوے اور سنگین الزامات عائد کیے جاتے تھے، آج سیاسی مصلحتوں کے تحت انہی کے ساتھ قربت اختیار کی جا رہی ہے، جو کہ ان کی سیاست میں عدم تسلسل اور دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔

 عوام کے مطابق خاندان کے مختلف افراد کو سیاست اور اقتدار میں آگے لانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی مسائل کے بجائے ذاتی اقتدار کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

Scroll to Top