خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں مطالعے کا نیا نظام متعارف

رانی عندلیب

خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں روزانہ ایک گھنٹہ مطالعے کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے، ان میں کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا کرنے اور بنیادی تعلیمی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں سمیت مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے پرائمری سیکشنز کے روزانہ کے ٹائم ٹیبل میں ایک گھنٹہ مطالعے (Reading) کے لیے مختص کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ میں کتابیں پڑھنے کی عادت اور شوق پیدا کرنا، ان کی پڑھنے کی رفتار بہتر بنانا اور فہم و ادراک کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ہے، تاکہ بچے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مطالعے کی بنیادی مہارتوں میں بھی بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

یہ فیصلہ خیبر پختونخوا کی منظور شدہ فاؤنڈیشنل لٹریسی اینڈ نیومریسی (Foundational Literacy and Numeracy – FLN) پالیسی 2024ء کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد بچوں کی بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں پرائمری سطح کے طلبہ کے لیے ہفتے میں کم از کم ایک پیریڈ ریاضی کی بنیادی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی مختص کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کی 64 فیلڈ فارمیشنز میں کیش لیس ادائیگیوں کا نظام متعارف، ون لنک و ون بل سے ادائیگیاں ممکن

 اس پیریڈ کے دوران بچوں کی ریاضی سے متعلق بنیادی استعداد اور حساب کتاب کی صلاحیتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ محکمہ نصاب و اساتذہ کی تعلیم (Directorate of Curriculum and Teacher Education) کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پرائمری سطح کے نصاب میں مطالعے کے لیے روزانہ ایک گھنٹہ شامل کیا جائے، تاکہ اس فیصلے کو نصابی اور تدریسی نظام کا باقاعدہ حصہ بنایا جا سکے۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق سرکاری اسکولوں میں روزانہ مطالعے کے لیے ایک گھنٹہ مختص کرنے اور ریاضی کی بنیادی مہارتوں کے لیے ہفتہ وار پیریڈ مقرر کرنے سے بچوں میں کتابیں پڑھنے کا رجحان بڑھانے، پڑھنے کی رفتار بہتر بنانے، عبارت کو سمجھنے اور ریاضی کے بنیادی تصورات سیکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم اس اقدام کے مطلوبہ نتائج کا انحصار اسکولوں میں مؤثر عمل درآمد اور اساتذہ کی رہنمائی پر ہوگا۔

Scroll to Top