خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں مسلسل اور غیر مجاز طور پر اسکولوں سے غیر حاضر رہنے والے 1916 اساتذہ کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے متعلقہ اساتذہ کو تین روز کے اندر تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکام کے مطابق صوبے کے ایمرجنسی سے متاثرہ 12 نامزد اضلاع میں غیر حاضر اساتذہ کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیر حاضر اساتذہ میں 1042 خواتین اور 874 مرد اساتذہ شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا یحییٰ اخونزادہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری اور اس کے تدارک کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (ڈی ای اوز) کو ہدایت کی گئی کہ وہ غیر حاضر اساتذہ سے تین دن کے اندر تحریری وضاحت طلب کریں۔ حکام نے واضح کیا کہ تسلی بخش جواب نہ دینے اور مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ کی سب سے زیادہ تعداد شمالی وزیرستان میں سامنے آئی، جہاں 419 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے۔ اسی طرح بنوں میں 348، جنوبی وزیرستان اپر میں 243، ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ کی غیر حاضری رپورٹ ہوئی۔
دیگر اضلاع میں کرم کے 130، خیبر کے 114، باجوڑ کے 88، مہمند کے 70، اورکزئی کے 66، ٹانک کے 52 اور جنوبی وزیرستان لوئر کے 32 اساتذہ غیر مجاز طور پر غیر حاضر پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج کے بعد خیبر پختونخوا میں اقدامات تیز، ٹانک میں صفائی، صحت و تعلیم اور ضلع خیبر کے مستک میں ہیلتھ سینٹر فعال
اعداد و شمار کے مطابق غیر حاضر تدریسی عملے میں سب سے زیادہ تعداد پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) کی ہے، جن کی تعداد 620 ہے۔ اس کے علاوہ 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز، 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی غیر حاضر عملے میں شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرنے اور کارروائی کا فیصلہ تعلیمی اداروں میں حاضری یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق غیر حاضر اساتذہ کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی سے نہ صرف تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ طلبہ کی تعلیم کا تسلسل بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
توقع ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں متاثرہ اضلاع کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری بہتر ہوگی اور تدریسی عمل کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔





