خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی بحث کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے سیاسی مؤقف پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ گورنر راج کی تجویز سامنے آنے سے قبل مولانا اپنی تقریروں، جلسوں اور پریس کانفرنسز میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے رہے اور کہتے تھے کہ خیبرپختونخوا میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے، شام کے بعد لوگ سڑکوں پر نکلنے سے گریز کرتے ہیں جبکہ پولیس اہلکار بھی وردیاں اتار کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔
تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر گورنر راج کے امکان پر بات شروع ہوئی تو مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے میں معدنی وسائل کا معاملہ نمایاں ہو گیا۔
اس تبدیلی پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر صوبے میں حکومتی رٹ واقعی ختم ہو چکی تھی اور امن و امان کی صورتحال تشویشناک تھی تو پھر اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی اقدام کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے؟
ناقدین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن آج جس تحریک انصاف کی حمایت میں مؤقف اختیار کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 برسوں کے دوران اسی جماعت کی حکومت رہی ہے۔
ایسے میں یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیا مولانا نے کبھی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے پوچھا کہ ان برسوں میں معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد عوام تک کس حد تک پہنچے؟ تعلیم، صحت، روزگار اور معیارِ زندگی میں کتنی بہتری آئی؟
سیاسی مبصرین کے مطابق اگر معدنی وسائل صوبے کی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں تو گزشتہ 13 برسوں میں ان وسائل سے عوام کو حاصل ہونے والے فوائد اور ترقیاتی کارکردگی کا جائزہ بھی ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن سے یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ ماضی میں ان کا بنیادی اعتراض صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال اور حکومتی رٹ کے خاتمے سے متعلق تھا، لیکن اب گورنر راج کی مخالفت میں معدنی وسائل کا معاملہ زیادہ نمایاں کیوں ہو گیا ہے؟
ناقدین کا مؤقف ہے کہ سیاسی مؤقف میں تبدیلی کے باوجود عوام کے بنیادی سوالات اپنی جگہ موجود ہیں اور ان کا جواب دینا ضروری ہے۔





