ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم سیاسی و آئینی پیش رفت سامنے آئی ہے جس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح اشارے دیے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے عندیہ دیا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ زیادہ طویل نہیں کھنچے گا بلکہ نئے سال کے آغاز میں ہی اس حوالے سے کوئی قابلِ قبول حل سامنے آ جائے گا۔
آئینی ترامیم، ریفرنڈم کے آپشن اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بیانات نے ملکی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ اب زیادہ دیر تک التوا کا شکار نہیں رہے گا اور نئے سال کے شروع میں اس کا حل نکل آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی ایک ایسی متفقہ شکل سامنے لائی جائے گی جو تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول ہو۔
آئینی پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین میں ریفرنڈم کرانے کی گنجائش موجود ہے اور آئینی ترامیم کا مکمل طریقہ کار بھی درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز میں ریفرنڈم کا انعقاد ممکن ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی تاریخ یا وقت نہیں بتایا جا سکتا۔
وزیر دفاع کے مطابق ریفرنڈم اور صوبوں کے قیام سے متعلق دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خواجہ آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر جو بھی پیش رفت کی جا رہی ہے اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جو بھی دستاویز تیار ہوگی وہ باہمی اتفاقِ رائے سے مرتب کی گئی مشترکہ دستاویز ہوگی۔
18ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر اس ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق من و عن عمل درآمد کیا جاتا تو آج نئے صوبوں کی بحث کی نوبت ہی نہ آتی تاہم ان کے بقول 18ویں ترمیم کی اصل روح نکالی جا چکی ہے۔
انہوں نے اپنی ذاتی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں نئے صوبے بنیں البتہ ان کی حتمی تعداد کتنی ہوگی اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹی اے کے کھوکھلے دعوے اور تباہ حال معیشت، افغانستان میں لاکھوں بچوں کی زندگیاں شدید غذائی قلت کا شکار!
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق وزیر دفاع کے بیان پر عوامی اور سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ گورننس بہتر ہو سکے اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔





