شمالی وزیرستان (میرعلی): شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں مقامی آبادی اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے ایک خصوصی اور خوشگوار مکالمے کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مقامی عمائدین، قبائلی مشران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ والہانہ محبت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
مقامی عمائدین اور شہریوں کی بھرپور شرکت
تفصیلات کے مطابق میرعلی میں منعقدہ اس خصوصی نشست میں بالخصوص حسو خیل اور موسکی کے مقامی عمائدین اور شہریوں نے شرکت کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والے اس مکالمے کے دوران علاقہ مکینوں نے خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
نوجوانوں کا جذبہ اور پاک فوج میں شمولیت کا عزم
مکالمے کے دوران مقامی نوجوانوں کا جوش و خروش اور حب الوطنی کا جذبہ قابلِ دید تھا۔ جب شرکا سے پاک فوج میں شمولیت کے حوالے سے سوال کیا گیا تو نوجوانوں اور حاضرین نے پرجوش انداز میں ہاتھ اٹھا کر وطن کے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ علاقے کے نوجوان ملکی دفاع اور تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سونا 16 روز میں تقریباً 60 ہزار روپے سستا، قیمت 3 لاکھ 80 ہزار سے نیچے آگئی
تعلیم کے فروغ اور روشن مستقبل پر زور
اس موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں نے مقامی نوجوانوں اور بچوں کی فلاح و بہبود پر گفتگو کرتے ہوئے تعلیم کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ علاقے کی پائیدار ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم کا حصول ناگزیر ہے، لہٰذا بچوں اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں علم حاصل کرنے اور مثبت سرگرمیوں پر مرکوز رکھیں۔
فضا قومی نعروں سے گونج اٹھی
تقریب کے اختتام پر شرکا نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پورا ماحول حب الوطنی کے رنگ میں رنگ گیا۔





