اگر اسلام آباد میں جھونپڑی تک نہیں تو زیرِ استعمال گھروں کا مالک کون ہے؟ ضلع مہمند کے شہریوں کا فضل الرحمان کے زیرِ استعمال رہائش گاہوں کا ریکارڈ جانچنے کا مطالبہ

 پشاور: ملک کے مختلف حصوں، بالخصوص ضلع مہمند اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی دولت، جائیدادوں اور ذرائع آمدن کی مکمل تفصیلات حکومت اور عوام کے سامنے واضح کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات کے پیش نظر تمام سیاسی رہنماؤں کو اپنے مالی وسائل کا حساب دینا چاہیے۔

ضلع مہمند کے شہریوں کا مؤقف

ضلع مہمند سے سامنے آنے والے عوامی ردعمل میں شہریوں نے کہا ہے کہ ایک طرف عام آدمی مہنگائی، غربت اور معاشی دباؤ کا شکار ہے، جبکہ دوسری طرف سیاسی قیادت کے اثاثوں اور طرزِ زندگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

 مہمند کے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان قوم کو بتائیں کہ انہوں نے یہ مالی وسائل اور جائیدادیں کن ذرائع سے حاصل کیں۔

عوامی حلقوں کی جانب سے اس بات پر بھی تنقید کی گئی کہ اگر کوئی سیاسی رہنما یہ دعویٰ کرتا ہے کہ اسلام آباد میں اس کی جھونپڑی تک نہیں ہے، تو پھر اس کے زیرِ استعمال رہائش گاہوں اور جائیدادوں کی ملکیت کی وضاحت ہونی چاہیے، اور اگر وہ ان جائیدادوں کے مالک نہیں ہیں تو ریاست کو چاہیے کہ وہ ان کی قانونی حیثیت کا تعین کرے۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان پورے پاکستان سے معافی مانگیں، شہید لیفٹیننٹ ملک فیض سلطان کے والد کا تاریخی بیان، میرے بیٹے نے سینے پر بائیس گولیاں کھائیں

فیصل آباد کے شہری کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ

دوسری جانب فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کے بیان میں بھی اسی نوعیت کے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ذاتی اثاثوں کے ساتھ ساتھ مدارس کے لیے جمع کی جانے والی فنڈنگ اور اس کے استعمال کی بھی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

شہری کے مطابق یہ محض ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ عوامی و فلاحی ناموں پر اکٹھے ہونے والے فنڈز اور سیاسی رہنماؤں کی دولت کا مکمل آڈٹ کیا جائے۔

شفافیت اور احتساب پر زور

عوام کا کہنا ہے کہ جمہوری نظام میں عوامی نمائندوں اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان پر یہ اخلاقی اور قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کے حوالے سے شفافیت برقرار رکھیں۔

شہریوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ بلاامتیاز احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا ریاستی و سیاسی نظام پر اعتماد بحال ہو سکے۔

Scroll to Top