بلوچستان کےسرحدی شہر چمن کے شہریوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) سے ان کے اثاثوں، جائیدادوں اور مختلف ادوار میں حاصل کردہ حکومتی مراعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ مذہبی اور سیاسی اثرورسوخ کے ذریعے ذاتی مفادات حاصل کرنے والے رہنماؤں کو اپنے مالی معاملات کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے پیش کرنی چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت، انصاف اور شفافیت کی بات کرنے والوں کو خود بھی انہی اصولوں کے تحت جوابدہ ہونا چاہیے۔
شہریوں نے مولانا فضل الرحمان کی ماضی میں حکومتی عہدوں پر موجودگی، بالخصوص کشمیر کمیٹی کی سربراہی کے دوران ملنے والی سہولیات اور مراعات پر بھی سوالات اٹھائے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی اثرورسوخ کے ذریعے قریبی ساتھیوں اور خاندان کے افراد کو فائدہ پہنچایا گیا، جس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
شہریوں کے مطابق سیاسی رہنماؤں کے اثاثوں، ان کے ذرائع آمدن اور سرکاری عہدوں کے دوران حاصل ہونے والے مالی فوائد کا شفاف جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ عوام کے سامنے حقائق آسکیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ملائیشیا کا سرکاری دورہ، وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
انہوں نے نیب سے مطالبہ کیا کہ مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور غیرقانونی اثاثوں سے متعلق الزامات کی قانون کے مطابق تحقیقات کی جائیں اور اگر کوئی بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔





