گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
گورنر ہاوس پشاور میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ سیکیورٹی اداروں اور عوام کی مدد سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں ہمیں 160 ارب روپے کا بجٹ دیا گیا تھا۔ 60 ارب روپے میں سے 70 فیصد رقم 12 اضلاع میں خرچ کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔ سونے کے حوالے سے غیر قانونی مائننگ ہو رہی تھی، جس کے پیش نظر مائنز کے ٹھیکوں سے متعلق قواعد و ضوابط مرتب کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل کا افتتاحی میچ اور تقریب پشاور میں کرانے کا اعلان،محسن نقوی کا شہریوں کو مبارک باد
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مائننگ سے حاصل ہونے والی 80 فیصد رقم بیرون ملک جا رہی تھی اور وہاں سے پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی تھی۔ غیر قانونی مائننگ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔





