عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، امریکی تیل 80ڈالر سے نیچے آ گیا!

عالمی توانائی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک ہونے والی بڑی گراوٹ نے عالمی سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے جہاں اگست کے بعد پہلی مرتبہ امریکی خام تیل 80 ڈالر فی بیرل کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گیا ہے جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی رسد بہتر ہونے، لیبیا کی اہم تیل پائپ لائن کی بحالی اور ترسیلی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری نے قیمتوں کو نیچے دھکیل دیا ہے جسے پاکستان کی معاشی بحالی اور مہنگائی میں کمی کے سفر کے لیے ایک انتہائی خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز کاروباری سرگرمیوں کے دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 4 فیصد سے زیادہ کی نمایاں کمی واقع ہوئی جس کے بعد اس کی قیمت گھٹ کر 79.95 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی جو اگست کے بعد پہلی مرتبہ 80 ڈالر سے نیچے آئی ہے۔

اسی طرح عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کا بنیادی پیمانہ سمجھے جانے والے برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 4.1 فیصد گراوٹ کے بعد 88.75 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

معاشی ذرائع کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اس اچانک کمی کی سب سے بڑی وجہ عالمی منڈی میں رسد بڑھنے کے امکانات اور ضرورت سے زیادہ ذخائر جمع ہونے کے خدشات ہیں۔

سرمایہ کاروں کو اندیشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی طلب کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی میں اضافے اور لیبیا کی ایک اہم تیل پائپ لائن کے دوبارہ فعال ہونے سے بھی عالمی قیمتوں پر خاصا دباؤ پڑا ہے۔

پائپ لائن کی بحالی سے عالمی منڈی میں تیل کی دستیابی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے، جس نے قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات کو تقویت دی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگی کشیدگی تاحال برقرار ہے اور خطے میں تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات بھی موجود ہیں تاہم اس کے باوجود عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

قبل ازیں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملوں کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی فراہمی متاثر ہوئی تھی جس کے باعث شدید قلت اور قیمتوں میں بڑے اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے مگر حالیہ دنوں میں حملوں میں کمی اور ترسیلی سرگرمیوں کی بتدریج بحالی سے مارکیٹ کا دباؤ خاصی حد تک کم ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کی آئندہ 6 ماہ میں ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت 1000ارب روپے قرض دینے کی ہدایت

سرمایہ کار اس وقت مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال کے ساتھ ساتھ عالمی طلب، رسد اور تیل کے ذخائر میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان عوامل کے پیش نظر آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔

Scroll to Top