اقتدار اور سرکاری مراعات سے محرومی: فضل الرحمان کے ریاستی اداروں کے خلاف جارحانہ بیانیہ نے مفاد پرستی کی سیاست بے نقاب کر دی!

جب ریاست پاکستان کے ادارے اور پاک فوج ملک میں امن، استحکام اور معاشی بحالی کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں ایسے میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کا اقتدار سے محرومی کے بعد ریاستی اداروں کے خلاف جارحانہ اور منفی بیانیہ ان کی خالص مفاد پرستی کو بے نقاب کر رہا ہے۔ 

دہائیوں تک ہر دورِ حکومت میں اقتدار اور مراعات کا حصہ رہنے والے فضل الرحمان کا اقتدار کے دوران خاموش رہنا اور اقتدار سے نکلتے ہی ریاست کو نشانہ بنانا ان کے سیاسی دوہرے معیار اور ذاتی مفادات کی سیاست کا واضح ثبوت بن چکا ہے۔

ملکی سیاسی منظرنامے میں فضل الرحمان کا کردار ایک بار پھر شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے جہاں مبصرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں وزارتیں، کمیٹیاں اور سرکاری مراعات میسر رہتی ہیں تب تک ریاستی نظام اور اداروں کے حوالے سے ان کا رویہ مکمل طور پر مفاہمانہ اور خاموش رہتا ہے لیکن جیسے ہی اقتدار کا دروازہ بند ہوتا ہے تو وہ ذاتی و سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے ریاست اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کر دیتے ہیں۔

سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق عوام کو سادگی، تقویٰ اور قناعت پسندی کا سبق پڑھانے والے فضل الرحمان کا اپنا عملی طرزِ زندگی ان دعوؤں کی نفی کرتا نظر آتا ہے۔

بغیر کسی بڑے صنعتی یا کاروباری پس منظر کے بڑے قافلوں، بھاری سیکیورٹی، قیمتی گاڑیوں اور جائیدادوں کے اخراجات عوام کے لیے ایک معمہ بنے ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات اور ظاہری شاہانہ اخراجات کے درمیان موجود مبینہ تضاد پر کھل کر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کے دفاع کے لیے لہو دے رہی ہیں اور معاشی ادارے ملک کو بحران سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں فضل الرحمان کا غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانیہ صرف اپنی کھوئی ہوئی سیاسی اہمیت دوبارہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

اقتدار سے باہر ہوتے ہی ریاست پر تنقید کو سیاسی ہتھیار بنانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ان کی سیاست اصولوں کے بجائے محض اقتدار اور ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، امریکی تیل 80ڈالر سے نیچے آ گیا!

عوامی اور سماجی حلقوں کا دوٹوک کہنا ہے کہ فضل الرحمان کا سیاسی دوہرا معیار اور اقتدار کے لیے بدلتے رنگ اب عوام کے سامنے پوری طرح واضح ہو چکے ہیں اور ان کے اثاثوں و ذرائع آمدن کی شفاف تحقیقات ناگزیر ہو گئی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ذاتی مفادات کے لیے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور انتشار پھیلانے کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے قوم پاک فوج اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے جو ملک کے تحفظ، استحکام اور ترقی کی اصل ضامن ہیں۔

Scroll to Top