امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر بزدلانہ حملوں کے ایک اور المناک واقعے میں چارسدہ کے علاقے تنگی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مہمند پولیس کا اہلکار شہید ہو گیا جبکہ شدید زخمی ہونے والے ان کے والد بھی پشاور لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
تھانہ تنگی کی حدود قارون شاخ میں پیش آنے والے اس دل دہلا دینے والے واقعے نے باپ بیٹے کی جان لے لی اور پورے علاقے کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے سفاک حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چارسدہ میں تھانہ تنگی کی حدود کے علاقے قارون شاخ میں پیش آیا جہاں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی زد میں آ کر ضلع مہمند پولیس کے اہلکار نوشاد موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ان کے والد سردار حسین شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد زخمی سردار حسین کو تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملتے ہی تنگی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائیاں اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اس لرزہ خیز واقعے میں باپ اور بیٹے کی شہادت نے علاقے میں شدید افسوس اور تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے۔
چارسدہ اور مہمند کے شہریوں اور سماجی حلقوں نے باپ بیٹے کی شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کے محافظوں اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والے عناصر کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : اقتدار کی کرسی اور سرکاری مراعات کے مزے: توقعات ٹوٹتے ہی ریاست مخالف بیانیہ، عوام کا فضل الرحمان کے اثاثوں اور ذرائع آمدن کی کھلی چھان بین کا مطالبہ!
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی کمزور رٹ اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث مسلح عناصر کے حوصلے بڑھ رہے ہیں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ریاست کی رٹ ہر صورت بحال رکھی جائے گی۔





