کراچی : سندھ میں نئے صوبوں کی تشکیل کے خلاف گزشتہ روز منعقد ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے اس وقت نیا سیاسی و عوامی تنازع کھڑا ہو گیا جب مبینہ طور پر مظاہرے میں شریک ایک سندھی نوجوان نے سامنے آ کر منتظمین اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔
مذکورہ نوجوان نے دعویٰ کیا ہے کہ ریلی میں شریک مزدوروں اور نوجوانوں کو مالی معاوضے کا لالچ دے کر نعرے لگوائے گئے، جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ذرائع نے ان دعوؤں کو من گھڑت اور سیاسی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
مالی معاوضے کے وعدے اور بدانتظامی کے الزامات
مظاہرے میں شریک مبینہ نوجوان کے مطابق، گزشتہ روز سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کے خلاف ہونے والی ریلی میں غریب مزدوروں اور نوجوانوں کو فی کس ایک ہزار سے دو ہزار روپے معاوضہ دینے کا وعدہ کر کے لایا گیا تھا۔
نوجوان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شرکا سے نئے صوبوں کے خلاف نعرے تو لگوا لیے گئے، لیکن وعدے کے مطابق رقم ادا کی گئی اور نہ ہی شرکا کے لیے کھانے پینے یا چائے پانی کا کوئی انتظام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : 124 فٹ پیمائشی نقشہ اور سیٹلائٹ شواہد منظرِ عام پر، مفتی محمود مرکز کا فرنٹ سرکاری حدود میں ثابت، شہریوں کا فضل الرحمان کی جانب سے مذہب کی آڑ میں قبضہ بچانے اور ریاستی رٹ چیلنج کرنے پر کڑا ردعمل
بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی طرزِ حکمرانی پر کڑی تنقید
مذکورہ نوجوان نے اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی بیانیے اور طرزِ سیاست کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 17 برسوں سے برسراقتدار جماعت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے اور اب پیسے کے زور پر عوامی رائے دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس نے بلاول بھٹو کی سیاسی بصیرت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام خود کو مظلوم محسوس کر رہے ہیں اور پارٹی قیادت کا بیانیہ مسترد کر رہے ہیں۔
نئے صوبوں کی حمایت اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا مطالبہ
اپنے مؤقف میں نوجوان نے واضح طور پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کسی وڈیرے کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔
اس کا کہنا تھا کہ انتظامی تقسیم اور نئے صوبوں کی تشکیل سے ہی عام آدمی کو اس کے بنیادی حقوق میسر آ سکتے ہیں، بصورتِ دیگر سندھ کی آنے والی نسلیں بھی صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رہنے اور جاگیردارانہ نظام کے تسلط تلے زندگی گزارنے پر مجبور رہیں گی۔





