جی ٹی اے 6 کے پی سی ورژن کی ممکنہ ریلیز کا وقت سامنے آ گیا

کراچی : گیمنگ کی دنیا کا مقبول ترین گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (GTA 6) بالاخر ریلیز ہو چکا ہے اور مجموعی طور پر ان تمام توقعات پر پورا اترتا دکھائی دے رہا ہے جو شائقین گزشتہ کئی برسوں سے لگائے بیٹھے تھے۔ 

شاندار گرافکس، حقیقت سے قریب تر تجربے اور غیر معمولی باریکیوں کے باعث یہ گیم کھلاڑیوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کے معیار کا مقابلہ کرنا کسی دوسرے اسٹوڈیو کے لیے اپنے محدود بجٹ میں تقریباً ناممکن قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم، گیمرز کا ایک بڑا طبقہ تاحال اس شاہکار سے محروم ہے کیونکہ ’جی ٹی اے 6‘ اس وقت صرف ایکس باکس (Xbox) اور پلے اسٹیشن (PlayStation) کنسولز پر دستیاب ہے۔

 اگرچہ اس گیم کا کمپیوٹر (PC) ورژن آنا یقینی ہے، لیکن گیم ساز کمپنی ’راک اسٹار گیمز‘ (Rockstar Games)نے اب تک اس حوالے سے باضابطہ طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

اب سوشل میڈیا اور گیمنگ حلقوں میں گردش کرنے والی ایک نئی رپورٹ نے پی سی گیمرز میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ریڈٹ‘ (Reddit) پر ایک صارف کی جانب سے معروف گیمنگ جریدے ’گیمز بیٹ‘ (GamesBeat) کی ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے، جس میں اندرونی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ راک اسٹار گیمز 2027 کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) میں ’جی ٹی اے 6‘ کا پی سی ورژن جاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کا راج ، موٹروے کے مختلف حصے ٹریفک کے لئے بند ، مسافر وںکے لئے اہم ہدایات جاری!

ماہرین کے مطابق اگر یہ اطلاع درست ثابت ہوتی ہے تو یہ ریلیز ان تمام اندازوں سے کہیں زیادہ جلد ہوگی جو گیمنگ انڈسٹری کے تجزیہ کار لگا رہے تھے۔ تاہم ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط رویہ بھی اختیار کیا جا رہا ہے کیونکہ ’جی ٹی اے 5‘ کا پی سی ورژن بھی تکنیکی وجوہات کی بنا پر کئی بار ملتوی کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ریڈٹ پر اس پوسٹ کے نیچے صارفین کی بڑی تعداد نے اپنے تبصروں میں اس ممکنہ تاریخ پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ گیمرز کا ماننا ہے کہ راک اسٹار کے ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ کمپنی اتنی جلدی پی سی ورژن متعارف کرانے میں کامیاب ہو سکے گی۔

Scroll to Top