شدید دھند کا راج ، موٹروے کے مختلف حصے ٹریفک کے لئے بند ، مسافروں کے لئے اہم ہدایات جاری!

پنجاب کے میدانی علاقوں میں چھانے والی شدید دھند اور حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے موٹروے پولیس نے موٹروے ایم تھری اور ایم فور کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ 

ریاستی ادارے موٹروے پولیس کی جانب سے بروقت اقدام اٹھاتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دھند کے دوران دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دینے کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم تھری پر رجانہ سے درخانہ تک ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے تاہم رجانہ سے لاہور تک موٹروے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بدستور کھلی ہے۔

اسی طرح موٹروے ایم فور پر بھی شدید دھند کے پیشِ نظر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک بند کر دی گئی ہے جبکہ عبدالحکیم سے شیر شاہ تک دونوں اطراف سے ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے واضح کیا کہ موٹرویز کی بندش کا فیصلہ خالصتاً مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت سفر کے لیے نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک چین خلائی تعاون میں تاریخی سنگ میل:پہلا پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی خلائی مشن میں شامل،کل روانہ ہونگے!

موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ دورانِ سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

مزید برآں غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے مکمل اجتناب کیا جائے جبکہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو بھی درست حالت میں رکھا جائے۔

Scroll to Top