ضلع لکی مروت کے علاقے وانڈہ فتح خان میں سیکیورٹی فورسزاور حساس اداروں نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے وانڈہ فتح خان کے عمومی علاقے میں چھ سے سات دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اطلاع ملنے پر 24 نومبرکی شام ساڑھے پانچ بجے سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں پیش قدمی کی۔
رات ساڑھے سات بجے کے قریب ایک مسجد میں چھپے دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے جن میں سے دو دہشت گردوں کی لاشیں فورسز نے تحویل میں لے لی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے دو دہشت گرد اندھیرے اور شدید فائرنگ کی آڑ لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ اپنے ایک ہلاک ساتھی کی لاش بھی ساتھ لے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، داعش خراسان کا خودکش بمبار ساتھی سمیت مارا گیا
کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔





