پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی،نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اوگرا کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفاقی حکومت کے منظور شدہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 319 روپے سے کم ہو کر 318 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت 357 روپے سے کم ہو کر 353 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اوگرا کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 25 نومبر 2026 سے ہوگا۔

Scroll to Top