گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن پر گہری خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ نے بڑی اسکرینوں اور ٹیلی ویژن پر اس مشن کی براہِ راست نشریات دیکھیں جس دوران تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور غیر معمولی جوش و خروش کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں طلبہ نے پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن کی براہِ راست نشریات بڑی اسکرینوں اور ٹیلی ویژن پر اجتماعی طور پر دیکھیں اور اس موقع پر طلبہ میں غیر معمولی جوش و خروش اور خوشی دیکھنے میں آئی۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق تاریخی مشن کی براہِ راست نشریات کے دوران طلبہ نے پاکستان زندہ باد اور پاک چین دوستی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قومی فخر کے جذبات نمایاں رہے۔
مشیرِ گورنر نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی یہ تاریخی کامیابی پاکستانی نوجوانوں کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کا نیا حوصلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیت، محنت اور لگن کے بل بوتے پر دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں اور نوجوان نسل میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کو مناسب مواقع فراہم کر کے پاکستان کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھٰیں : پی ٹی آئی کے بلند بانگ دعوے جھوٹی مقبولیت کا مصنوعی غبارہ تھے جو ہوا میں اڑ گئے،خادم علی یوسفزئی
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان کی سائنسی ترقی اور عالمی سطح پر کامیابیوں کے لیے نوجوان نسل کا عزم اور جذبہ قابلِ تحسین ہے جبکہ پاک چین دوستی اور باہمی تعاون بھی پاکستان کی سائنسی و تکنیکی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا اور پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔





