عالمی سفارت کاری، علاقائی دفاعی ہم آہنگی اور باہمی اشتراک کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کے عین مطابق اسلام آباد میں 26 سے 28 نومبر تک سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ اہم سہ فریقی مذاکرات اور بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے سرکاری دورے کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں جامع ٹریفک، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی انتظامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔
غیر ملکی معزز مہمانوں کی فول پروف سیکیورٹی اور بلا تعطل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے جڑواں شہروں میں ہیوی ٹریفک، بعض بس ٹرمینلز، مخصوص بس روٹس اور ہائیکنگ ٹریلز پر عارضی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ شہریوں کو بغیر پیشگی اطلاع وی آئی پی موومنٹ کے باعث سفر سے ایک گھنٹہ قبل نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں 26 سے 28 نومبر تک منعقد ہونے والے اہم سفارتی و دفاعی پروگراموں کے تناظر میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑے پیمانے پر ٹریفک اور ٹرانسپورٹ پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔
صورتحال سے متعلق تفصیلات کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے نمائندے 26 سے 28 نومبر تک اسلام آباد میں ملاقات کریں گے جس میں مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت عملی طریقہ کار اور میکنزمز کا جائزہ لیا جائے گا۔
اسی دوران بنگلہ دیش کی قومی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم چھ رکنی پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، جو 28 نومبر تک جاری رہے گا۔
سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر کارگو گاڑیوں، ڈمپرز اور ٹریلرز سمیت تمام ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد اور راولپنڈی میں داخلہ 26 نومبر کی شام 6 بجے سے 28 نومبر کی رات 12 بج کر 30 منٹ تک بند رہے گا۔
اس مدت کے دوران فیض آباد بس ٹرمینل بند رہنے کا امکان ہے تاہم مسافروں کی سہولت کے لیے پیرودھائی بس ٹرمینل اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
علاوہ ازیں سیونتھ ایونیو میٹرو اسٹیشن اور پاک سیکریٹریٹ کے درمیان میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس 26 نومبر کی رات 10 بجے سے 28 نومبر کی رات 12 بج کر 30 منٹ تک معطل رہے گی جبکہ میٹرو اور الیکٹرک بس کے دیگر تمام روٹس معمول کے مطابق چلتے رہیں گے۔
مزید برآں مارگلہ ہلز پر واقع ہائیکنگ ٹریلز 3 اور 5 بھی 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گی۔
حکام نے شہریوں اور مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ ان ایام میں وی آئی پی موومنٹ بغیر پیشگی اعلانات کے ہوگی اس لیے کسی بھی ممکنہ تاخیر یا زحمت سے بچنے کے لیے شہری اپنا سفر شروع کرنے سے کم از کم ایک گھنٹہ اضافی وقت اپنے ساتھ رکھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 12 نومبر 2026 کو بھی کرکٹ ٹیموں کی نقل و حرکت کو سہل بنانے کے لیے ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات اور اوقات میں عارضی ٹریفک ڈائیورشنز کا ایڈوائزری پلان جاری کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : مشیر قانون خیبرپختونخوا کابڑا ایکشن : مخصوص مفادات کے لیے بنائے گئے 14قوانین کی جانچ پڑتال جاری!
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر سری نگر ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کو سہروردی روڈ، سیکٹرز جی ایٹ اور جی نائن کی سروس روڈز اور زیرو پوائنٹ سمیت متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ فیض آباد جانے والی ٹریفک کے لیے فیصل ایونیو اور نائنتھ ایونیو کی جانب جانے والوں کے لیے سروس روڈ ایسٹ تجویز کی گئی تھی۔





