باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے والا خوارجی خمیم عرف راؤف خیبری باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جہنم واصل

باڑہ:  سیکیورٹی فورسز نے باڑہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیو جاری کرنے والے انتہائی مطلوب خوارجی خمیم عرف راؤف خیبری کو تین مزید خوارج سمیت جہنم واصل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق باڑہ میں کی گئی اس مؤثر اور کامیاب کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے نیٹ ورک کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد خمیم عرف راؤف خیبری کو اس کے تین ساتھیوں سمیت کیفرِ کردار تک پہنچا دیا۔

 ہلاک ہونے والا خوارجی راؤف خیبری چند روز قبل پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر چکا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی نے اس کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔

یہ بھی پڑھیں : بحریہ ٹاؤن لاہور کی 8 ایکڑ جائیداد کس نے اور کس سے خریدی؟ اربوں کی تعمیر کے ذرائع آمدن، مکمل منی ٹریل اور اثاثوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد راؤف خیبری سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد خونریز دہشت گردانہ کارروائیوں میں براہِ راست ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے انتہائی مطلوب تھا۔

علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور دہشت گردوں کے باقی ماندہ سہولت کاروں و نیٹ ورکس کے مکمل صفایا کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کا دائرہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق فتنۃ الخوارج اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور جب تک دہشت گردی کی اس لعنت کا مکمل خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو جاتا، سیکیورٹی فورسز کی یہ فیصلہ کن کارروائیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔

Scroll to Top