انتشاری ٹولے کے تیرہ سالہ تاریک دور کا شاخسانہ، سیاسی بھرتیوں کے ذریعے پختونخوا پولیس میں کالی بھیڑیں شامل کرنے کا انکشاف

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس میں شامل چند غیر ذمہ دار اور جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے محکمانہ ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی، احتجاجی مظاہروں اور اعلیٰ پولیس افسر کو یرغمال بنانے کے واقعات سامنے آنے کے بعد فورس کے اندر موجود کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کارروائی اور تطہیر کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیوں کے باعث منفرد مقام رکھنے والی خیبرپختونخوا پولیس میں گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والی سیاسی بھرتیوں کے نتیجے میں بعض ایسے عناصر شامل ہوئے جنہوں نے وردی کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں کا جال پھیلا رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ عناصر فرائضِ منصبی کی ادائیگی کے بجائے گولڈ مائن مافیا، بھتہ خوری، راہزنی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے۔

سابقہ کارروائیاں اور غیر قانونی گروہ بندی

رپورٹس کے مطابق سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اختر حیات گنڈاپور نے سنگین جرائم اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر بنوں اور لکی مروت کے 17 پولیس ملازمین کو معطل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : اے آئی کی دوڑ زمین سے نکل کر خلا میں داخل، اسپیس ایکس نے بڑا میدان مار لیا

تاہم ان برطرف اور معطل اہلکاروں نے قانون کا سامنا کرنے کے بجائے کانسٹیبل خالد خان، کانسٹیبل حضرت علی، کانسٹیبل حیدر اور کانسٹیبل شاہ بختیار کی قیادت میں بنوں اور لکی مروت امن کمیٹی کے نام سے ایک غیر قانونی گروہ تشکیل دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی سرپرستی ملنے کے بعد اس گروہ کا اثر و رسوخ اس حد تک بڑھ گیا کہ وہ مبینہ طور پر رقوم کے عوض پولیس افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں میں بھی مداخلت کرنے لگا، جس سے محکمے کا نظم و ضبط شدید متاثر ہوا۔

کوہاٹ ٹول پلازہ ڈکیتی اور معطل اہلکاروں کی ہنگامہ آرائی

چند روز قبل کوہاٹ ٹول پلازہ پر پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات، جس میں کسٹمز آفیسر عبیداللہ شہید ہوئے، کی ابتدائی تحقیقات میں بھی بعض پولیس اہلکاروں کی غفلت اور ملی بھگت کے شواہد سامنے آئے۔

 اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے موجودہ آئی جی خیبرپختونخوا، جو فورس کو جدید اسلحے، گاڑیوں اور ساز و سامان سے لیس کر کے ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں، نے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا۔

تاہم معطل کیے جانے والے اہلکاروں نے محکمانہ ضابطہ اخلاق اور ڈسپلن کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج شروع کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں خام تیل مزید مہنگا، برینٹ آئل 94 ڈالر سے تجاوز کر گیا

 احتجاج کے دوران دیگر چند متنازع اہلکار بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے، جبکہ مظاہرین نے کچھ دیر کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کو بھی یرغمال بنائے رکھا۔

 ماضی کے واقعات اور تطہیر کا مطالبہ

ذرائع کے مطابق محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے؛ اس سے قبل بھی مذکورہ غیر قانونی گروہ کے چند سرکردہ عناصر پر کرک میں ایک فرض شناس پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے سنگین الزامات عائد ہو چکے ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں اور محکمہ پولیس کے سنجیدہ افسران کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے امن و امان کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، لہٰذا فورس کی ساکھ بحال رکھنے اور شہدا کے خون کا تقدس برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وردی میں چھپی ان کالی بھیڑوں کو بلاامتیاز قانون کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے۔

Scroll to Top