بنوں: بنوں امن کمیٹی کے نام پر سرگرم گروہ کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے، سامنے آنے والے آڈیو پیغامات نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ کوئی امن کمیٹی نہیں بلکہ دہشت گردی اور بدمعاشی پر اتر آیا ایک خطرناک ٹولہ ہے، جس کے سرغنہ بنوں امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ کی دھمکیوں اور دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ نے پورے علاقے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
آڈیو پیغامات میں سنائی دینے والی کھلی دھمکیاں، اشتعال انگیزی اور بدمعاشی اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ عناصر امن کے پردے میں علاقے میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، دہشت گرد عناصر کے ساتھ براہِ راست رابطے رکھتے ہیں اور دہشت گرد انہیں کچھ بھی نہیں کہتے۔
جب سچ اور حقائق سامنے آئے اور میڈیا نے اس بدمعاشی کا آئینہ دکھایا تو بنوں امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور میڈیا کو سنگین نتائج کی دھمکیوں پر اتر آئے، جبکہ گفتگو میں مخالفین، مشران، علما، وکلا اور زمینداروں کو نشانہ بنانے اور سبق سکھانے کی کھلی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع اور متاثرہ شہریوں کے مطابق یہ بدمعاش ٹولہ بے گناہ لوگوں پر جھوٹے الزامات تھوپ کر پیسے بٹورنے، حقائق دبانے اور تفتیش کا راستہ روکنے میں ملوث ہے، اور دہشت گردوں کے ساتھ اس گٹھ جوڑ نے صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نان کسٹم گاڑیاں، بھتہ خوری اور دہشت گردوں سے رابطے، بنوں اور لکی مروت میں امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی کے ٹولے کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب
ایک طرف دہشت گردوں سے یاری اور علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کی جا رہی ہے تو دوسری طرف قانون، تفتیش اور سچ دکھانے والے صحافتی اداروں کو ڈرانے دھمکانے کا گھناؤنا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
علاقے کے عوام، متاثرہ خاندانوں اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بنوں امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ کی دھمکیوں، دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ اور سامنے آنے والے آڈیو پیغامات کی فوری اور سخت ترین تحقیقات کی جائیں۔
اس بدمعاش اور دہشت گرد ٹولے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے کو اس غنڈہ گردی سے فوری نجات دلائی جائے۔





