نان کسٹم گاڑیاں، بھتہ خوری اور دہشت گردوں سے رابطے، بنوں اور لکی مروت میں امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی کے ٹولے کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب

پشاور: خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں سرگرم “امن کمیٹیوں” کے روپ میں مسلح گروہوں کی بغاوت، دہشت گردوں سے روابط اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے معاملے نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے، جس پر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی سرپرستی اور خاموشی کے خلاف شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق کوئی ڈیڑھ سال قبل بنوں اور لکی مروت میں تعینات بعض پولیس اہلکاروں، جن میں زیادہ تر کانسٹیبل سطح کے اہلکار شامل تھے، نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔

بزدلی، کرپشن اور دہشت گرد عناصر سے روابط کے الزامات پر ان اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ تاہم برخاست ہونے کے بعد ان عناصر نے احتجاجی مظاہرے کیے، جن میں پی ٹی آئی کی حمایت اور شمولیت بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ان اہلکاروں نے بعض حاضر سروس اہلکاروں کو ساتھ ملا کر “امن کمیٹی” کے نام سے الگ مسلح گروہ تشکیل دے لیے۔

 سرکاری وسائل اور نجی مسلح لشکر کی سرگرمیاں

رپورٹس اور عوامی حلقوں کے مطابق ان نام نہاد کمیٹیوں نے افسرانِ بالا کے احکامات ماننے سے انکار کیا اور سڑکیں بند کر کے برخاست شدہ اہلکاروں کی بحالی کروائی۔

یہ بھی پڑھیں : پولیس امن کمیٹی یا بدمعاشوں کا ٹولہ؟ سابق آئی جی اختر حیات گنڈاپور کے ہاتھوں برطرف کیے گئے 17 اہلکار کیسے بحال ہوئے؟ تہلکہ خیز تفصیلات منظرِ عام پر آ گئیں

ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ عناصر سرکاری خزانے سے تنخواہیں لے رہے ہیں، سرکاری وردی، اسلحہ اور گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، لیکن عملاً انہوں نے اپنی الگ متوازی سرکار قائم کر رکھی ہے جو نہ صوبائی حکومت کے ماتحت ہے اور نہ ہی محکمہ پولیس کے نظم و ضبط میں۔

الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ان مسلح عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں کھلی سرپرستی فراہم کی، جس کے باعث یہ گروہ مزید بے لگام ہو گیا۔

 ذرائع کے مطابق اب یہ عناصر اپنا دائرہ کار کوہاٹ اور دیگر اضلاع تک پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور دیگر اہلکاروں کو بھی بغاوت اور اپنے گروہ میں شامل ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

 دہشت گردوں سے روابط، اغوا اور قتل کے سنگین الزامات

مبصرین اور متاثرہ حلقوں کے مطابق سڑکیں بند کرنے کے بعد یہ ٹولہ اب اپنی مرضی سے قتل، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری جیسی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہو چکا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں بعض سول افراد کے شامل ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

تشویش ناک پہلو یہ بتایا جا رہا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں ان عناصر کو نشانہ نہیں بناتیں، جس سے ان کے درمیان ہم آہنگی اور رابطوں کے شکوک و شبہات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انتشاری ٹولے کے تیرہ سالہ تاریک دور کا شاخسانہ، سیاسی بھرتیوں کے ذریعے پختونخوا پولیس میں کالی بھیڑیں شامل کرنے کا انکشاف

تفصیلات کے مطابق حالیہ ایام میں ان عناصر کی کارروائیوں کے دوران دو پولیس اہلکاروں کو گھروں سے اٹھا کر شہید کیا گیا اور ایک پولیس اہلکار کے بچے کی شہادت کا واقعہ بھی پیش آیا، جبکہ ایک ایس پی کے اغوا اور اعلیٰ افسران کو کھلے عام دھمکیاں دینے کے واقعات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

مزید برآں یہ عناصر سرکاری وردیاں پہن کر غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی دھڑلے سے استعمال کر رہے ہیں۔

ڈیڑھ لاکھ فورس میں چند سو باغی اور پی ٹی آئی پر شدید تنقید

سیکیورٹی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تقریباً ڈیڑھ لاکھ نفری میں سے چند سو بزدل اور باغی عناصر نے کھلی سرکشی اختیار کر رکھی ہے، اور صوبے کے امن و امان کے لیے روزانہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی فورس کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ناقدین نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی کہ کسی صوبائی حکومت کی سرپرستی میں مسلح بغاوت اور ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کی اجازت دی جائے۔

 عوام اور مبصرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان عناصر کی تنخواہیں فوری بند کی جائیں، غیر قانونی گاڑیاں اور سرکاری وسائل واپس لیے جائیں اور امن تباہ کرنے والے اس ٹولے کے خلاف سخت ترین ریاستی ایکشن لیتے ہوئے انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔

Scroll to Top