پشاور: خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں “امن کمیٹی” کے نام کی آڑ میں سرگرم ایک مسلح باغی ٹولے کا گھناؤنا چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے، جبکہ بنوں پولیس امن کمیٹی کے ایک رکن کی جانب سے اپنے ہی شہریوں کو کھلی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو کوئی بھی پولیس امن کمیٹی کے خلاف بولے گا یا ہوگا، اسے مار دیا جائے گا اور نہیں چھوڑا جائے گا، چاہے وہ سیاسی آدمی ہو، ملا ہو یا وکیل۔
سامنے آنے والی تہلکہ خیز تفصیلات کے مطابق بنوں اور لکی مروت میں سرگرم یہ نام نہاد امن کمیٹی امن کی محافظ نہیں بلکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، قتل و غارت گری اور دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ کرنے والا ایک منظم جرائم پیشہ گینگ ہے۔
اس ٹولے نے سرکاری وردی، سرکاری اسلحے اور قومی خزانے کی تنخواہوں کو ڈھال بنا کر ریاست کے اندر اپنی متوازی سرکار قائم کر رکھی ہے۔
دستاویزی شواہد اور زمینی حقائق کے مطابق اس نام نہاد امن کمیٹی کی بنیاد بزدلی، غداری اور محکمانہ بدعنوانی پر رکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : امن کمیٹیوں کا منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کا برین چائلڈ تھا، کوہاٹ میں سرگرم افراد میں پی ٹی آئی، جے یو آئی، پی ٹی ایم اور دہشت گردوں کے ہمدرد شامل ہیں، سابق ڈی آئی جی ادریس خان
تقریباً ڈیڑھ سال قبل بنوں اور لکی مروت میں تعینات جن مٹھی بھر اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں حصہ لینے سے انکار کیا اور جن کے دہشت گرد عناصر سے روابط و کرپشن ثابت ہونے پر سابق آئی جی اختر حیات گنڈاپور نے انہیں ملازمت سے برطرف کیا تھا۔
انہی مسترد شدہ اور کالی بھیڑوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی مبینہ سرپرستی اور سیاسی دباؤ کے بل بوتے پر سڑکیں بلاک کر کے اپنی بحالی کرائی اور “امن کمیٹی” کے نام سے اپنا الگ مسلح لشکر کھڑا کر لیا۔
مبصرین اور متاثرہ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ بہادر اور جان نثار جوانوں پر مشتمل خیبرپختونخوا پولیس کے نام پر دھبہ بننے والے ان چند سو باغی عناصر نے محکمہ پولیس کے نظم و ضبط کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔
یہ نام نہاد امن کمیٹی ایک طرف سرکاری خزانے سے تنخواہیں بٹور رہی ہے اور سرکاری اسلحہ استعمال کر رہی ہے، تو دوسری طرف افسرانِ بالا کے احکامات ماننے سے انکار کر کے سرکاری وردیوں میں غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں میں دندناتی پھر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خفیہ اطلاعات پر بلوچستان میں بھارتی پراکسی کے ٹھکانوں پر فورسز کی بڑی ضرب، 12 خوارج واصلِ جہنم، اسلحہ برآمد
انتہائی تشویشناک پہلو یہ ہے کہ علاقے میں سرگرم دہشت گرد تنظیمیں اس ٹولے کو نشانہ نہیں بناتیں، جسے اس بات کا کھلا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے کہ نام نہاد امن کمیٹی اور دہشت گردوں کے درمیان اندرونِ خانہ گٹھ جوڑ اور مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔
اس نام نہاد امن کمیٹی کی قانون شکنی اور درندگی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ اس کے کارندوں نے فرض شناس پولیس اہلکاروں کو گھروں سے اٹھا کر شہید کیا، ایک پولیس اہلکار کے معصوم بچے کا خون بہایا اور ایس پی انویسٹی گیشن بنوں کو اغوا کر کے ریاستی رٹ کو کھلا چیلنج کیا۔
اب یہ جرائم پیشہ ٹولہ کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی بغاوت پھیلانے کی سازشیں کر رہا ہے۔





