اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے زیرِ اہتمام مون سون 2026 کے نقصانات، امدادی کارروائیوں اور موسمِ سرما 2026-27 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کانفرنس میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور مون سون 2026 کے دوران ہونے والے نقصانات، ریسکیو اور ریلیف آپریشنز سمیت انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیشن فورم کے تحت متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور معلومات کے بروقت تبادلے پر بھی غور کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران این ڈی ایم اے کی تکنیکی ٹیم نے موسمِ سرما 2026-27 کے ممکنہ موسمی حالات اور خطرات کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بالخصوص پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری، برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں گرنے کے ممکنہ خطرات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اے آئی کی دوڑ زمین سے نکل کر خلا میں داخل، اسپیس ایکس نے بڑا میدان مار لیا
موسمِ سرما کے دوران حساس اور دور دراز علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے ضروری انتظامات، وسائل اور برف ہٹانے والی ہیوی مشینری کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل، ضروری اشیائے خوردونوش و امدادی سامان اور مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مون سون 2026 سے متاثرہ خاندانوں میں معاوضوں کی تقسیم کے عمل کو وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق مزید تیز کیا جائے تاکہ متاثرین کی بحالی جلد ممکن ہو سکے۔





