مکہ دفاعی اتحاد کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، سعودی عرب، ترکیے اور پاکستان کے وزرائے دفاع و خارجہ شریک ہوں گے!

عالمی و علاقائی سفارتکاری اور دفاعی حکمتِ عملی کے حوالے سے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ایک تاریخی اور انتہائی حساس اجلاس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے جہاں مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ 

وزیر دفاع خواجہ آصف نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ براہِ راست پاکستان اور ترکیے کے لیے خطرہ ہے اور ساتھ ہی اسرائیل کی جانب سے کسی ممکنہ تنازع یا جارحیت کے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے خطے کے ممالک کے درمیان صفوں میں اتحاد کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک کا انتہائی اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی کشیدگی اور مشترکہ دفاعی تعاون کو حتمی شکل دینے پر غور کیا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے حکام اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور یمن میں حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی واضح طور پر اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی اور یہ معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے اس بات کی باضابطہ تصدیق کی کہ اسلام آباد کے اس اجلاس میں سعودی عرب، ترکیے اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

دفاعی اتحاد کی روح اور مشترکہ ذمہ داری کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاہدے کے مطابق سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیے کے لیے خطرہ ہے اور یہ بات بالکل واضح ہے۔

انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت وسیع علاقوں پر قابض حوثی جنگجوؤں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے حوالے سے سعودی عرب کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ مکہ معاہدہ ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر ہمیں اس معاہدے کے تحت ترتیب دیے جانے والے امور کو درست سمت دینے کے لیے تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ چند مہینوں میں تمام انتظامات مکمل ہو جائیں اور ہم آگے بڑھ سکیں۔

علاقائی خطرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے اس لیے خطے کے ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ اس معاہدے کے حوالے سے قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی کہہ چکے ہیں کہ مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ یہ تینوں ممالک کی شراکت داری کی علامت ہے۔

اس سلسلے میں ترکیہ کی پارلیمنٹ بھی پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کر چکی ہے، جبکہ مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ حکام نے ایرانی قیادت سے بھی ملاقات کر کے تعاون مضبوط بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں، سفارتی ماہرین اور عوامی حلقوں نے مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس کی اسلام آباد میں میزبانی اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیانات کو پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی و دفاعی وزن کا مظہر قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خوشیاں لمحوں میں ماتم میں بدل گئیں،خوفناک ٹریفک حادثات:6 معصوم بچوں اور2 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق!

مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا قریبی اشتراک اور خطے میں ممکنہ جارحیت کے مقابلے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی ایک مضبوط اور بااعتماد دفاعی ڈھانچے کی جانب اہم قدم ہے۔

عوامی حلقوں کے مطابق ایک طرف ترکیہ کی پارلیمنٹ سے معاہدے کی توثیق اور دوسری جانب ایرانی قیادت سے رابطوں کا تسلسل اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔

Scroll to Top