پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر شجرکاری کا اعلان کرتے ہوئے شہر بھر میں 15 لاکھ درخت اور پھول لگانے کا نیا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے بعد محکمہ جنگلات اور پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے منصوبے پر مشترکہ کام کا آغاز کر دیا ہے، جس کی حتمی فیزیبلٹی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر تیار کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد گورنر خیبرپختونخوا نے پشاور کی تزئین و آرائش اور ماحولیاتی بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اس وقت متعلقہ اداروں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ایسے مقامات کی نشاندہی کا عمل جاری ہے جہاں اتنی بڑی تعداد میں پودے اور پھول لگائے جا سکیں۔ مجوزہ منصوبے کے تحت نہ صرف ماضی میں شجرکاری کے لیے منتخب کیے گئے مقامات پر مزید پودے لگائے جائیں گے بلکہ شہر کے نئے علاقوں، سرکاری عمارتوں اور تعلیمی اداروں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قدرت کے اصولوں سے ہم آہنگ بلتستان کا طرزِ زندگی، بغیر فریج اور بجلی کے مہینوں تک خوراک محفوظ رکھنے کی دلچسپ روایت
منصوبہ بندی کے مطابق حیات آباد ٹریک اور ریگی خواڑ کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر درخت اور پھول لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح شہر کی تمام سرکاری عمارتوں کے احاطوں میں دستیاب گنجائش کے مطابق درخت جبکہ محدود جگہوں پر موسمی اور مستقل پھول لگائے جائیں گے، اور سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی اس مہم کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے پشاور ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) شکیل خان نے بتایا کہ منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس کی تکمیل کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔
ان کے مطابق رپورٹ میں شجرکاری کے لیے دستیاب نئے مقامات کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ پہلے سے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان کے تحت مزید کتنے پودے لگائے جا سکتے ہیں، جبکہ جہاں گنجائش نہیں ہوگی وہاں نئے سرے سے شجرکاری کے اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔
ڈی ایف او شکیل خان کا مزید کہنا تھا کہ حیات آباد فیز 7 کے قریب ضلع خیبر کی حدود میں واقع ایک پہاڑ کو جنگل میں تبدیل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹریٹ پاور کے بلند بانگ دعوے اپنے ہی کارکنوں نے کوڑے دان میں پھینک دیے، لاہور کی رہائش گاہ کی ملکیت پر بھی سوالات اٹھ گئے
یہ پہاڑ پشاور شہر سے بھی واضح دکھائی دیتا ہے اور یہاں شجرکاری کے ذریعے علاقے کے ماحول اور منظرنامے کو سرسبز بنایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب شہری اور ماحولیاتی حلقوں کی جانب سے اس نئے اعلان کے ساتھ ماضی کی شجرکاری مہمات کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ماضی میں بھی مختلف ادوار میں پشاور کی خوبصورتی کے نام پر کروڑوں روپے کے منصوبے شروع کیے گئے اور حیات آباد ٹریک سمیت کئی مقامات پر پودے لگائے گئے، تاہم مناسب دیکھ بھال اور نگرانی نہ ہونے کے باعث ان میں سے بیشتر پودے ضائع ہو گئے۔
مبصرین کے مطابق اب تک لگائے گئے پودوں کا آڈٹ اور ان کی شرحِ بقا کا جائزہ لینا ناگزیر ہے، اور اب یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ آیا 15 لاکھ پودوں کا یہ نیا منصوبہ محض شجرکاری کے اعلانات تک محدود رہتا ہے یا ان پودوں کی حفاظت اور نشوونما کے لیے کوئی پائیدار نظام بھی وضع کیا جاتا ہے۔





