لندن کے مقابلے میں پاکستان زیادہ محفوظ ہے، بین الاقوامی کوہ پیما ماشا گورڈن

بین الاقوامی کوہ پیما ماشا گورڈن نے پاکستان کی سیکیورٹی، مہمان نوازی اور کوہ پیماؤں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں لندن کے مقابلے میں پاکستان زیادہ محفوظ محسوس ہوا۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور یو کے قراقرم سوسائٹی کے اشتراک سے ’’سیلیبریٹ پاکستانز ماؤنٹینز‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں ماشا گورڈن نے پاکستان میں اپنے سفر کے تجربات بیان کیے اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

انہوں نے سفر کے دوران پاک فوج کے اہلکاروں کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو بھی سراہا اور اسے پاکستان کے مثبت تشخص کا عکاس قرار دیا۔

تقریب میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان، معروف پہاڑی فوٹوگرافر کولن پرائر، رضا انجم، ولیم مچل اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی کوہ پیما ساجد علی سدپارہ کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔

تقریب کا مقصد پاکستان کے پہاڑی حسن، کوہ پیمائی کے ورثے اور سیاحتی مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ پاکستان اور برطانیہ کی کوہ پیمائی برادری کے روابط مضبوط بنانا تھا۔

Scroll to Top