جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں جزوی کرفیو نافذ، نوٹیفکیشن جاری

ٹانک/جنوبی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ نے جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جزوی کرفیو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ کرفیو کل 2 اپریل 2025 کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان کے کوڑ قلعہ، خرگئ، منزئی شاہراہ پر کرفیو نافذ کیا جائے گا، جبکہ ڈبرہ بازار مکمل طور پر بند رہے گا۔ اس دوران مسافروں کو کوڑ قلعہ براستہ گومل وانا شاہراہ سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔

کرفیو کے دوران، کڑی وام اور جنڈولہ کے علاقوں میں تمام نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام کو متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔

جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے مختلف مقامات پر بھی جزوی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ان میں سروکئی جنڈولہ شاہراہ، رزمک سے مکین، سرارواغہ، کوٹ کئی جنڈولہ شاہراہ، اور توروام سے انظرچینہ اور شکئی سے انظرچینہ شاہراہ شامل ہیں، جہاں نقل و حرکت معطل رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں جنوبی وزیرستان میں عید کا جشن، فورسز اور عوام کے درمیان ہم آہنگی کا مظاہرہ

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی کے انتظامات میں تعاون کریں اور کرفیو کے دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top