اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کانگریس میں بے شمار قراردادیں اور قانون سازی ہوتی ہے، جس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی امریکی وفد کی پاکستان آمد کے موقع پر پی ٹی آئی سے کسی کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
انہوں نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں سے متعلق سوال پر کہا کہ جتنا آپ لوگ باخبر ہیں، میں بھی اتنا ہی باخبر ہوں۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئندہ کا لائحہ عمل اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر طے کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے مجلس عاملہ کے بعد 15 اپریل کو فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں کے ساتھ اتحاد قائم کریں گے اور آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشترکہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر ٹی او آرز (طریقہ کار) بھی طے کیے جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا کہ “ہم نفرت نہیں پھیلا رہے، ہم بھائی ہیں، اختلافات ہوتے رہتے ہیں”۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری پارٹی ہے، کسی کو بولنے سے نہیں روکا جاتا، لیکن اگر کوئی بات کرنی ہے تو پارٹی کے اندر ہی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ذاتی معاملات نہیں بلکہ بعض اوقات ایسا بیان آ جاتا ہے جسے درگزر کر دینا چاہیے۔





