محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم کی پیش گوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع جیسے کہ چترال، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔
اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے باغ میں بھی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز جیسے جی سکس، ایف سکس، جی سیون، جی ایٹ، ایف ایٹ، ایف سیون، جی نائن، ایف نائن اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کو گرمی سے راحت مل رہی ہے۔ آزاد کشمیر کے باغ اور گرد و نواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں موسم کیسا رہے گا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع ژوب، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بھی بارش متوقع ہے۔ خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں جیسے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔





