راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز سے شکست دے دی
یوں ایونٹ میں اپنی دوسری فتح سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس حاصل کر لیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں ایک بہترین حکمت عملی ثابت ہوا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 243 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری اسکور کی –
انہوں نے صرف 49 گیندوں پر 106 رنز بنائے، جس میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ کولن منرو نے 40 اور سلمان آغا نے 30 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔
پشاور زلمی کی جانب سے آمیر جوزف اور حسین طلعت نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مگر وہ اسلام آباد کے بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔
جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بکھر گئی اور پوری ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد حارث نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت ضرور کی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بیٹر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ کپتان بابر اعظم صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ صائم ایوب 6 اور حسین طلعت 13 رنز بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10، لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور بین ڈوارشئیس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا میچ تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے پہلے میچ میں بھی کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ پشاور زلمی کو یہ مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے بھی ہار چکی ہے اور اب تک جیت کی تلاش میں ہے۔





