اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے طلبہ کے لیے تعلیمی پالیسی میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق اب پاسنگ مارکس 65 فیصد اور حاضری کی کم از کم شرح 85 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلے تمام کلاسز کے طلبہ پر لاگو ہوں گے، یعنی پہلی سال سے لے کر آخری سال تک تمام میڈیکل اور ڈینٹل اسٹوڈنٹس کو نئی پالیسی کے مطابق کارکردگی دکھانا ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایم ڈی سی نے چند ماہ قبل پاسنگ مارکس 70 فیصد اور حاضری 90 فیصد مقرر کی تھی، جس پر طلبہ کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ طلبہ تنظیموں اور والدین کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ موجودہ حالات میں یہ معیار طلبہ پر اضافی بوجھ ہے۔
پی ایم ڈی سی کے ترجمان کے مطابق، نئی پالیسی کا مقصد طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور حاضری کو متوازن اور قابل عمل بنانا ہے، تاکہ طلبہ کو غیر ضروری دباؤ سے بچایا جا سکے اور تعلیمی معیار بھی برقرار رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں چترال کے دور دراز علاقوں میں مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد
طلبہ حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم بعض ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ پالیسی میں بار بار کی تبدیلی سے تعلیمی نظام میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، جس سے مستقل اصلاحات کی ضرورت واضح ہوتی ہے۔





