وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈ اپور نے کہا ہے کچھ لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شام کے بعد لوگ گھروں سے نہیں نکلتے مگر “ڈیرہ جات ایونٹ” نے یہ بات غلط ثابت کردی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ جات آف روڈ چیلنجنگ جیپ ریلی کی اختتامی تقریب ہوئی جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خصوصی شرکت کی
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا ڈیرہ جات آف روڈ جیپ ریلی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایک پرامن علاقہ ہے، بدقسمتی سے میڈیا پر ڈیرہ کے حالات کو منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ڈیرہ میں شام کے بعد لوگ گھروں سے نہیں نکلتے، مگر “ڈیرہ جات ایونٹ” نے یہ ثابت کر دیا کہ یہ بات سراسر غلط ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گںڈا پور نے کہا کہ اگرخطے میں دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں مگر خیبرپختونخوا پولیس نے امن قائم کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں بانی پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے مطابق تمام کام میرٹ پر ہو رہے ہیں، ہماری حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے تب سے حکومت کے خلاف کسی قسم کی زیادتی یا شکایت سامنے نہیں آئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں ان اداروں کا کلیدی کردار رہا، انہوں نے پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے لیے فی کس 10 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔