پشاور: پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت قومی پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے 21 اپریل بروز پیر پشاور کے حلقہ NA-30 میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عائشہ طاہر بھی موجود تھیں، جنہوں نے بھی بچوں کو قطرے پلائے اور والدین کو پولیو سے بچاؤ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
ایم این اے شاندانہ گلزار نے اپنے حلقے کی عوام کے نام ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں کو معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر صورت پولیو کے قطرے پلائیں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کچھ شرائط پر ہر کسی سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ، شاندانہ گلزار
شاندانہ گلزار نے واضح کیا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانا قانونی جرم ہے اور اگر ان کے حلقے سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل بھی کی۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کی تعمیر میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور پولیو کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب ہر بچہ محفوظ ہو۔