جمعیت علما اسلام کسی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، حافظ حمداللّٰہ کا حتمی اعلان۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے واضح کر دیا ہے کہ جے یو آئی کسی بھی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، تاہم مختلف سیاسی ایشوز پر رابطے اور ملاقاتیں جاری رہیں گی، جے یو آئی اپنی آزادانہ سیاسی حیثیت برقرار رکھے گی اور اپنی جدوجہد اپنے پلیٹ فارم سے ہی جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہاکہ اعتماد کو ٹھیس کہاں سے پہنچی، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، اعظم سواتی کا بیان سب کے سامنے ہے، اور جن باتوں کا جواب دیا جانا چاہیے تھا، وہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے اس صورتحال کو جے یو آئی کے اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف قرار دیا۔
پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے حافظ حمداللّٰہ نے سوال اٹھایا کہ کیا بانی چیئرمین کے سوا کسی اور رہنما کی کوئی سیاسی اتھارٹی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت میں تضاد نمایاں ہے، ایک کچھ کہتا ہے اور دوسرا کچھ کہتا ہے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ فیصل چوہدری نے خود اعتراف کیا کہ پیغام بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو پہنچایا گیا، لیکن اس کے باوجود خاطرخواہ جواب نہیں ملا، جس پر جے یو آئی کب تک انتظار کرے؟ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے اور اپنی راہ پر گامزن رہیں گے۔
جے یو آئی کے اس اعلان کو سیاسی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مختلف سیاسی جماعتیں قومی امور پر مشترکہ موقف کے لیے سر جوڑ رہی ہیں۔





