پاکستان کی بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات میں شمولیت کی پیشکش

پاکستان کی بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات میں شمولیت کی پیشکش

وزیراعظم شہباز شریف بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کردی۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد، تنظیم اور مفاد کی تکمیل کا نشان ہیں اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک منفرد مقام دلایا ہے۔

وزیراعظم نے عالمی امن کے قیام میں پاکستان کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتا رہے گا۔ کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور عالمی سطح پر یہ ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، جس میں کشمیری عوام کو اپنے حق خود ارادیت کا مکمل حق دیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کسی نے دہشت گردی کے خلاف اتنی قربانیاں نہیں دی ہیں۔

پہلگام واقعے پر وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بغیر کسی قابلِ اعتماد شواہد کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پاکستان پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے اور یہ الزام تراشی کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
آبی جارحیت پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا پانی اس کی لائف لائن ہے اور اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا اور اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دے گا۔

وزیراعظم نے معاشی استحکام کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے اور اقتصادی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم تعلقات چاہتا ہے اور افغانستان سے درخواست کی کہ وہ اپنی سرزمین کو فتنہ الخوارج کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ خطاب پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عالمی سطح پر ایک مضبوط موقف کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top