یکم مئی سے پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جہاں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 66.60 ڈالر فی بیرل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 62.85 ڈالر فی بیرل پر تجارت کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں مجموعی طور پر 2.9 فیصد کمی کا امکان ہے، جس کی وجہ اوپیک پلس ممالک کی جانب سے ممکنہ پیداوار میں اضافہ اور روس-یوکرین تنازعے میں ممکنہ جنگ بندی بتائی جا رہی ہے، جو عالمی تیل کی سپلائی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں ففتھ شیڈول کے خاتمے کا فیصلہ عوامی ریلیف پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ سابقہ ففتھ شیڈول کے تحت حکومت پٹرولیم لیوی کو 70 روپے فی لیٹر تک محدود کرنے کی پابند تھی، تاہم اب حکومت کو پٹرولیم لیوی کی شرح مقرر کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

15 اپریل کو وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے ہونے والی بچت کو بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مائنز اینڈ منرلز بل پر علی امین گنڈاپور سائن کرچکے ،وزیر پٹرولیم

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے، اس بچت کو “قوم کے زخموں کو بھرنے” کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت ملک میں پٹرول 254.63 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) 258.64 روپے فی لیٹر کی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

Scroll to Top