رہنما تحریک انصاف صنم جاوید انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش، اسلام پورہ مقدمے میں تفتیش جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کو گزشتہ روز ایک بار پھر گرفتار کیے جانے کے بعد لاہور پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا۔ ان کی گرفتاری تھانہ اسلام پورہ میں درج مقدمہ نمبر 486 کے تحت عمل میں آئی، جس میں اُن پر اشتعال انگیز اور ریاست مخالف نعرے بازی کا الزام ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، صنم جاوید اور ان کے شوہر پروفیسر عتیق کو کوٹ لکھپت جیل کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ 9 مئی کیسز کی عدالتی سماعت میں شرکت کے بعد جیل سے باہر آ رہے تھے۔ گرفتاری کے بعد دونوں میاں بیوی کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
اسلام پورہ پولیس کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں عالیہ حمزہ، نازیہ بلوچ، انتظار حسین پنجوتہ اور 35 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ 8 فروری کو درج کیا گیا تھا، جس کی تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد ہے۔
پولیس کے مطابق، صنم جاوید سے مزید تفتیش کی جائے گی تاکہ مقدمے میں ملوث دیگر عناصر کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کا مقصد معاملے کی گہرائی تک پہنچنا اور ممکنہ منصوبہ بندی کے شواہد اکٹھا کرنا ہے۔





