شاہد آفریدی فوجی وردی میں واہگہ بارڈر پر، دشمن کو دو ٹوک پیغام: عزت سے آؤ چائے پلائیں گے، بدمعاشی پر جواب دیں گے
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور قومی ہیرو شاہد خان آفریدی ایک بار پھر وطن سے محبت اور جرات مندانہ مؤقف کے باعث سوشل میڈیا اور قومی خبروں میں نمایاں ہو گئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں پہلگام واقعے پر بھارتی رویے پر تنقید کے بعد اب وہ پاک فوج کی وردی پہن کر واہگہ بارڈر پہنچ گئے، جہاں ان کی موجودگی نے نئی بحث چھیڑ دی۔
شاہد آفریدی نے اپنی ویڈیو خود سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں وہ واہگہ بارڈر پر پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ بیٹھے، پرجوش اور پُراعتماد نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں آفریدی بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں۔
عزت سے آؤ گے تو چائے پلائیں گے، بدمعاشی دکھاؤ گے تو ہماری تاریخ اور غیرت جواب دے گی انہوں نے بھارتی آبی جارحیت پر بھی طنزیہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانی بند کر کے تم اپنا ہی نقصان کرو گے، کیونکہ پھر چائے بنانے والا بھی کوئی نہیں بچے گا۔
یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور پاکستانی عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے آفریدی کو ’’سچا محبِ وطن‘‘ اور ’’قوم کا بہادر بیٹا‘‘ قرار دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شاہد آفریدی نے پہلگام میں بھارتی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارتی فوج کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا8 لاکھ فوج ہونے کے باوجود تم اپنی عوام کو تحفظ نہیں دے سکے، اس کا مطلب ہے کہ تم نالائق ہو، نکمے ہو
ان بیانات پر بھارتی میڈیا اور سابق کرکٹرز نے سخت ردعمل دیا، لیکن شاہد آفریدی اپنی بات پر ڈٹے رہے اور ایک بار پھر عملی طور پر سرحد پر موجود ہو کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا۔
پاکستانی سوشل میڈیا پر آفریدی کی یہ جرات مندانہ پوزیشن حب الوطنی کی علامت بن چکی ہے۔ عوامی ردعمل سے صاف ظاہر ہے کہ آفریدی نہ صرف میدان کے ہیرو ہیں بلکہ قومی غیرت کے علمبردار بھی بن چکے ہیں۔





