اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اب کسی بھی صورت بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو باریک بینی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، اور اگر بھارت نے کوئی اقدام کیا تو اسے ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان قومی وقار اور سلامتی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کرکٹ کے میدان میں بھی بھارت کے ساتھ تعلقات کو موجودہ کشیدہ حالات سے مشروط قرار دیا۔
محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس حملے کے حوالے سے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بھارت ملوث ہے، اور حکومت جلد اس حوالے سے ناقابلِ تردید ثبوت سامنے لائے گی۔
ان کے مطابق وزیرِ مملکت برائے داخلہ آئندہ چند روز میں میڈیا کو باضابطہ بریفنگ دیں گے اور تمام شواہد پیش کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں پہلگام فالس فلیگ: خود بھارت میں مودی سرکار پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری
ایران کی جانب سے ثالثی کی کوششوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے واقعی ثالثی کی پیشکش کی ہے تو پاکستان اس کا مثبت جواب دے گا، تاہم یہ سب کچھ خطے میں کشیدگی کی نوعیت پر منحصر ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر کسی بھی جارحیت یا سازش کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔





