قوم کے اتحاد کا مؤثر فورم پارلیمنٹ ہے، بھارت کو ہر محاذ پر جواب دیں گے، خرم دستگیر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ قومی اتحاد و یکجہتی کے اظہار کے لیے سب سے مؤثر اور معتبر فورم پارلیمنٹ ہے۔ پارلیمان میں تمام سیاسی قوتیں موجود ہیں اور قومی مفاد پر یکجا ہو سکتی ہیں۔

ایک بیان میں خرم دستگیر نے کہا کہ سینیٹ میں پہلگام واقعے کے خلاف متفقہ قرارداد کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم قومی معاملات پر متحد ہے۔ اگر حکومت مناسب سمجھے تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جا سکتا ہے تاکہ قومی مؤقف کو مزید مضبوط انداز میں پیش کیا جا سکے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے تو وہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے تھے اور اپوزیشن سے رابطے کو اہمیت نہیں دیتے تھے، حالانکہ قومی سلامتی کے امور میں اتفاق رائے وقت کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں قابل آرمی چیف کے ہوتے ہوئے ہمیں کوئی ڈر نہیں, فیصل واوڈا

خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ہر طرح کی شفاف تحقیقات کے لیے تیار ہے۔ اگر بھارت پہلگام واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرے گا تو پاکستان سفارتی، قانونی اور عسکری ہر سطح پر مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اور اگر بھارت کوئی فیس سیونگ اقدام کرے گا تو پاکستان کسی بھی محاذ پر پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Scroll to Top