لاہور: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ قابل آرمی چیف قسمت سے ملتا ہے اور اس کی قیادت میں پاکستان کو کسی بھی خطرے کا سامنا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی قوت مضبوط ہے اور ہمیں کسی بھی جارحیت یا چیلنج سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع کے لیے قوم متحد ہے اور ہمیں اپنی فوج پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابل آرمی چیف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں، جن میں ٹریڈ اور ایئرسپیس بند کرنا شامل ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بھارت کی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ پاکستان کے عزم کو دیکھ کر پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج اتحاد کی ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے انہوں نے تجویز دی تھی کہ تمام سیاسی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں چلنے والے کیسز پاکستان کا اندرونی معاملہ ہیں، تاہم اگر ضرورت ہو تو ویڈیو لنک کے ذریعے تمام لیڈرز کا اجلاس بلایا جا سکتا ہے تاکہ اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں امریکی وزیرِ خارجہ پاکستان اور بھارت سے رابطہ کریں گے، کشیدگی ختم کرنے کی کوششیں جاری: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
فیصل واوڈا نے کہا کہ لیڈرشپ کا کام ہے کہ وہ ملک میں یکجہتی پیدا کرے۔ انہوں نے ایک دلچسپ تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے بجائے قوم سے خطاب آرمی چیف کو کرنا چاہیے، کیونکہ ان کی قیادت میں قوم کو زیادہ تسلی اور اطمینان ملے گا۔انہوں نے وزیراعظم کو بھی خطاب کرنے کی اجازت دی، تاکہ دونوں رہنماؤں کا پیغام قوم تک پہنچ سکے۔





