پاک بھارت کشیدگی شدت اختیار کر گئی،دفاعی عہدیداروں نے ہائی کمیشنز چھوڑ دیئے، عملہ محدود

پاک بھارت کشیدگی شدت اختیار کر گئی،دفاعی عہدیداروں نے ہائی کمیشنز چھوڑ دیئے، عملہ محدود

پاک بھارت تعلقات میں جاری کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے دفاعی عہدیداروں کو وطن واپس بلا لیا ، سفارتی سطح پر تناؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ملٹری، ایئر اور نیول ایڈوائزرز کو بھارتی حکومت نے ’’ناپسندیدہ افراد‘‘ (Persona Non Grata) قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ ان عہدیداروں کو ایک ہفتے کے اندر بھارت چھوڑنے کی ہدایت دی گئی، جس کے بعد وہ بذریعہ پرواز پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔ اس اقدام کے جواب میں پاکستان نے بھی اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے دفاعی حکام کو بےدخل کر دیا، جنہوں نے حالیہ دنوں میں پاکستان چھوڑ دیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ان فیصلوں کے بعد دونوں ممالک کے ہائی کمیشنز میں عملے کی مجموعی تعداد کم ہو کر صرف 30 افراد تک محدود رہ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دفاعی عہدیداروں کی واپسی معمولی قدم نہیں بلکہ ایک سنجیدہ سفارتی اشارہ ہے، جو مستقبل کے تعلقات، خطے کی سکیورٹی اور دو طرفہ مذاکرات پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاک بھارت سرحدوں پر فوجی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور فضائی سطح پر بھی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے، جس سے خطے میں پائی جانے والی کشیدگی مزید گہری ہو رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں ممالک کو انتہائی احتیاط سے سفارتی راستہ اختیار کرنا ہوگا، کیونکہ کسی بھی غلط قدم سے خطہ ایک بڑی بحرانی کیفیت میں جا سکتا ہے۔

Scroll to Top