یوم مزدور پرپیپلزپارٹی رہنما گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پیغام، محنت کش قوم کی ترقی کا ستون ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم مزدور کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ترقی اور خوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی براہِ راست مزدور طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے وقار کے تحفظ سے جڑی ہوئی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے مزدوروں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں پاکستان کی پہلی لیبر پالیسی متعارف کروا کر محنت کشوں کو بااختیار بنانے کی بنیاد رکھی تھی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ یوم مزدور محنت کش طبقے کی محنت، وقار اور قومی معیشت میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ترقی یافتہ ملک کے پیچھے ایک مضبوط اور محفوظ محنت کش طبقہ ہوتا ہے، اور ہمیں بھی اپنی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی یعنی مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں محنت کشوں کے حقوق اور بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ ایک باوقار، خودمختار اور خوشحال مزدور طبقہ قومی ترقی کا ہراول دستہ بنے۔





